حکومت پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنے کے لئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے،عمران خان

عمران خان نے کہا کہ موجودہ کٹھ پتلی حکومت پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے لیے ہر طرح کے حربے استعمال کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی سربراہ نے یہ باتیں پارٹی صدر چوہدری پرویز الٰہی سے گفتگو کے دوران کہیں جنہوں نے گزشتہ روز صبح ان سے زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، انہوں نے واضح کیا کہ بروقت انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے آئینی حکم کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں کی جائے گی۔
ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے صوبے کی سیاسی صورتحال کے علاوہ آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے زمان پارک کے باہر پارٹی کارکنان کے خلاف پولیس آپریشن کی مذمت کی۔
پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ حکومت پرتشدد ہتھکنڈوں میں بہت آگے نکل چکی ہے، پارٹی کارکنوں قابل تعریف ہیں جو حکومت کے تمام ہتھکنڈوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے۔