خاتون 24 گھنٹے بعد خود ہی سے تنگ آگئی اور طلاق لے لی
صوفی کی پوسٹ پر بڑی تعداد میں ردعمل آئے اور صارفین نے اسے سستی شہرت کا طریقہ قرار دیا

خود سے شادی کرنے والی ایک خاتون 24 گھنٹے بعد خود ہی سے تنگ آگئی اور طلاق لے لی۔
ارجنٹینا سے تعلق رکھنے و الی سوشل میڈیا اسٹار صوفی میئور نے پہلے اعلان کیا کہ اس نے خود سے شادی کرلی ہے اور 24 گھنٹے بعد ہی کہا کہ میں مزید برداشت نہیں کرسکتی، اس لیے میں طلاق لے رہی ہوں۔
میڈیا کے مطابق صوفی نے گذشتہ دنوں ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہوں نے عروسی لباس پہنا ہوا تھا۔تصاویر کے ساتھ صوفی نے لکھا کی آج میری زندگی کے انتہائی پرجوش لمحات ہیں، میں نے شادی کا جوڑا خریدا اور خود سے شادی کرنے کے لیے خصوصی طور پر کیک بھی بنایا۔
صوفی کی پوسٹ پر بڑی تعداد میں ردعمل آئے اور صارفین نے اسے سستی شہرت کا طریقہ قرار دیا اورمبارک باد بھی دی۔
پوسٹ کے 24 گھنٹے بعد ہی صوفی نے پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسے مزید برداشت نہیں کرسکتی، میں طلاق کا معاملہ دیکھ رہی ہوں۔نئی پوسٹ پر بھی صارفین نے مختلف قسم کے ردعمل کا اظہار کیا۔