
اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی رہنمائوںکی ملاقات بے سود ثابت ہوئی ،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کا قائد حزب اختلاف مقرر کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع کیمطابق پی ٹی آئی کے 35اراکین کے استعفی قبول کرچکا ہوں، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کی غلط تشریح نہ کی جائے،اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے سپیکر چمیبر میں ملاقات کی ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی بھی ملاقات میں موجود تھے اسپیکر سے ملاقات کرنے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے عامر ڈوگر ، کنول شوزب ، عامر کیانی ، امجد نیازی ، میجر طاہر صادق۔عاصمہ قدیر ، اور ظل ہما سمیت دیگر شامل تھے اس موقع پر عامر ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنے آئے ہیں پارلیمنٹ میں واپس آکر اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین نیب تعینات کرنے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ذرائع کے مطابق اسپیکر نے تحریک انصاف کا یہ مطالبہ مسترد کردیا، سپیکر نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ حزب اختلاف کے اراکین کی اکثریت نے راجہ ریاض کو قائد حزب اختلاف منتخب کیا ہے، آپ میں سے زیادہ تر اس وقت ایوان کا حصہ نہیں، جو رکن اسمبلی ہی نہیں وہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا مطالبہ کیسے کرسکتا ہے، اس موقع پر سابق چیف وہیپ عامر ڈوگر کا کہنا تھالاہور ہائیکورٹ نے 35 ممبران کو بحال کردیا ہے،پی ٹی آئی وفد کا کہنا تھا راجہ ریاض کے پاس اپوزیشن کی اکثریت کی حمایت نہیں، سپیکر نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمائوں سے کہا کہ میں اپنی رولنگ اور فیصلہ دے چکا ہوں۔
٭٭٭٭٭٭٭