پاکستانتازہ ترین

نواز اور شہباز شریف دو نمبری کے ماہر،پنجاب میں ن لیگ نظرنہیں آئیگی:پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف شروع سے ہی دو نمبری کے ماہر ہیں، شریف برادران نے کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا، جو حکمران بے ایمان ہوگا اس کام میں برکت نہیں ہوگی، عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا۔وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے گزشتہ روز گلشن راوی ٹی جنکشن انڈر پاس، سمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ اور سمن آباد سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سچا او رکھرا لیڈر ہے۔عمران خان جیسا کھرا اور سچا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا۔عمران خان عوام کی بہتری اور بھلائی کیلئے ہر خطرہ مول لے رہے ہیں۔ حملے میں عمران خان کو اللہ تعالیٰ نے محفوظ رکھا۔عمران خان پر حملہ کرنے والے اور اس کے پیچھے لوگ جلد پکڑے جائینگے۔عمران خان کے ہوتے ہوئے عوام کو کوئی فکر کی ضرورت نہیں ‘ہمیں علم ہے کہ عمران خان ایماندار ہے، اسی لئے لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔پرویز الٰہی نے کہا کہ قائداعظم انگریزی بولتے تھے لیکن عوام ان پر اعتماد کرتے تھے اور ان کی بات سمجھتے تھے کیونکہ وہ ایماندار تھے۔عمران خان بھی قائداعظم کی طرح بڑے لیڈر اور ایماندار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ آگے چل کر کہیں نظر نہیں آئے گی اورصرف ہمارے کام اور پی ٹی آئی ہی نظر آئے گی۔بے ایمان حکمرانوں کے کام میں برکت نہیں ہوتی، یہ تباہی کی طرف لے جاتے ہیں۔پرویر الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف دو نمبر ہیں، شروع سے ہی دو نمبریاں کر رہے ہیں۔شریفوں نے قسم کھائی ہے کہ ایک نمبر کام کرنا ہی نہیں۔دوسری قسم شریفوں نے کھائی ہے کہ کہیں بھی اپنے پیسے نہیں لگانے صرف لوگوں کے لگانے ہیں، بعد میں لو گ ان سے پیسے مانگتے ہیں لیکن انہیں واپس نہیں ملتے۔شہباز شریف کو بہترین طریقے سے مانگنے کا سلیقہ آتا ہے۔شریفوں کی حکومت اب مانگت حکومت بن گئی ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ لاہور میں 20 ارب روپے کے پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں جو ایک سال میں مکمل ہو جائینگے۔سمن آباد میں سپورٹس کمپلیکس اور کمیونٹی سنٹر بھی بنایا جائے گا۔لاہو رکے بے ہنگم پن کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔لاہور کے ماسٹر پلان میں تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھ کر منصوبہ بندی کی گئی۔لاہور کے ماسٹر پلان پر کام 2 برس قبل پی ٹی آئی کی حکومت میں شروع ہوااور اوپن ٹینڈرنگ ہوئی، غیر ملکی کمپنیوں نے ماسٹر پلاننگ کی، ن لیگ کا میڈیا سیل ماسٹر پلان کیخلاف پراپیگنڈہ کر رہا ہے، ماسٹر پلان کے تحت زرعی اور رہائشی اراضی کی حد بندی کی گئی ہے جس سے لاہور کی بے ہنگم گروتھ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سمن آباد موڑ انڈر پاس، کرکٹ سٹیڈیم اور گلشن راوی ٹی جنکشن پر 7 ارب 53 کروڑ لاگت آئے گی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور کے ماسٹر پلان کے تحت لاہور میں مستقبل میں تعمیراتی سرگرمیوں کا تعین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں خاص طورپر کرکٹرز کیلئے سمن آباد کرکٹ سٹیڈیم 66کروڑ روپے سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ 4ارب84کروڑ سے گلشن راوی ٹی جنکشن اور بند روڈ کی بحالی کا کام آٹھ ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ چوبرجی سے سکیم موڑتک،ایل او ایس سے ملتان روڈ،پونچھ روڈ،غزالی روڈ،قرطبہ چوک،بابو صابوچوک،بندروڈ اور دیگر سڑکوں اور سیوریج کی توسیع اور مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لاہو رکی ترقی کے حوالے سے فرخدالی کا مظاہرہ کرنے پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پاکستانی سیاست کو گندہ کرنے میں شریفوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔پنجاب اسمبلی میں شبخون مارنے میں ناکامی ہوگی۔سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے 4 سالہ دور میں لاہور کے ترقیاتی کاموں کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور دیگر اداروں سے پرانے قرضے سیلاب متاثرین کی مدد کے نام پر لے رہے ہیں۔شہباز شریف کی شعبدہ بازی اب کام نہیں آئے گی، 8 ارب ڈالر سے معاشی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ٹکٹ ہولڈرز، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو میاں اسلم اقبال اور ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button