
مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا امریکا میں بیان ملک میں نئی جنگ کا آغاز ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جو کئی روز سے امریکا کے دورے پر ہیں انہوں نے آج واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس میں ملکی معاملات پر گفتگو کی اور بین الاقوامی معاملات کے علاوہ عمران خان پر کڑی تنقید کی جس پر سینیئر سیاستدان شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سینیئر سیاستدان شیخ رشید احمد نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بلاول کا امریکا میں بیان ملک میں نئی جنگ کا آغاز ہوگا۔ وہ غیر ملکی خواہشوں پر عملدرآمد کا عندیہ دے رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران کے ساتھ اب سیاسی بحران بھی مزید گہرا ہوگیا ہے۔ ایسی صورتحال میں اسمبلیاں چھوڑنا حق بنتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں مندی، ڈالر مہنگا اور مہنگائی 20 فیصد زائد ہوچکی ہے۔ حکومت کے پاس تیل کے بل اور دواؤں کی خریداری تک کے پیسے نہیں ہیں تو کیسے چلے گا پاکستان؟
معاشی بحران کے ساتھ سیاسی بحران مزید گہرا ہوگیاہے اسمبلیاں چھوڑنا حق ہے بلاول کا نیویارک میں بیان ملک میں نئی جنگ کا آغاز ہوگا بلاول غیر ملکی خواہشوں پر عمل درآمد کا عندیہ دے رہے ہیں سٹاک مارکیٹ مندی ڈالر مہنگا مہنگائی20فیصد زائد آئل بل اور دوائیوں کے پیسے نہیں کیسےچلےگاپاکستان
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) December 22, 2022
واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام آئے بغیر ترقی ممکن نہیں لیکن عمران خان کی وجہ سے ملک میں سیاسی استحکام نہیں آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جھوٹ کی سیاست کا مقابلہ سچ کی سیاست سے کر رہے ہیں۔