
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے سازش کے ذریعے ہماری حکومت کو ہٹایا گیا اور ہمارے ارکان اسمبلی مستعفی ہوچکے ہیں۔امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی تو ہم نے لاتعلقی کا اعلان کیا جبکہ ان کا الیکشن کرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے اپنے استعفے قاسم سوری کو پیش کر دیئے تھے لیکن موجودہ اسپیکر نے قانون سے ہٹ کر ایک فیصلہ کیا اور موجودہ اسپیکر نے چن کر کچھ اراکین کے استعفے منظور کیے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ہمیں بلائیں۔ خاص لوگوں کے استعفوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا جبکہ ہم نے 123 استعفے دیئے لیکن مخصوص نشستوں پر الیکشن کرایا گیا اور اس کے باوجود عمران خان کو ضمنی انتخاب میں مینڈیٹ ملا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے خط کی منظوری دے دی ہے اور میں خط اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیج رہا ہوں۔ اگر اسپیکر ہر رکن کو بلانا چاہتے ہیں تب بھی پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔ تحریک انصاف نے پارلیمان سے لاتعلق ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔