کالم

سندس بلڈ ڈونیشن کیمپ

چوہدری عمران الٰہی

اللہ تعالیٰ نے اُولاد سے محبت ہماری فطرت میں رکھ دی ہے ۔ تار یخ عالم اس محبت اور شفقت کی نظیرپیش کرنے سے قاصر ہے جو حضورﷺ نے بچوں سے کیا۔ جب تک نسل انسانی کا وجود قائم ہے بچوں سے محبت و الفت کا یہ کامل نمونہ شمع ہدایت بن کر چمکتا رہیگا۔ والدین اولاد کا دُکھ نہیں دیکھ سکتے خواہ یہ معمولی ہی کیوں نہ ہو۔ اگر بچہ بیمار ہو جائے تو ماں باپ اس کے علاج کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں ۔ امراض خون کی مختلف بیماریاں والدین کیلئے ایک امتحان سے کم نہیں ۔ تھیلیسمیا ‘ہیموفیلیا اور بلڈ کینسر جیسی بیماریوں کا علاج کرانا ہر کسی کے بس میں نہیں ۔ بھلا ہو حاجی سرفراز احمد صاحب جنہوں نے سندس فائونڈیشن کے نام سے پنجاب کے پانچ شہروں(لاہور ‘گوجرانوالہ‘گجرات‘سیالکوٹ اور فیصل آباد)میں امراض خون میں مبتلا بچوں کیلئے علاج گاہیں قائم کر رکھی ہیں ۔ سندس فائونڈیشن کا آغاز 22رمضان المبارک 1998ء کو کیا گیا۔ سندس تھیلسیمیا کی مریضہ سندس فائونڈیشن کے چیئرمین حاجی سرفراز احمد کی بیٹی تھی ۔ حاجی سرفراز احمد اپنی بیٹی سندس کو خون لگوانے کیلئے لاہور جاتے تھے ۔ آمدورفت کی تکالیف سے بخوبی آگاہ تھے ۔ چنانچہ انہوں نے ایک ایسا ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا جو امراضِ خون میں مبتلا بچوں کو گوجرانوالہ میں ہی سہولیات فراہم کر سکے ۔ مخلص دوستوں ‘خدا ترس افراد کے تعاون سے یہ خواب نہ صرف شرمندہ تعبیر ہوا بلکہ کامیابی کیساتھ انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے ۔ تھیلسیمیا خون کی ایک ایسی بیماری ہے جس میں خون میں موجود ہیموگلوبن میں نقص پیدا ہو جاتا ہے ۔ خون کے سرخ خلیے جسم کے مختلف حصوں کو آکسیجن فراہم نہیں کر پاتے ۔ نتیجتاً مریض تھکاوٹ محسوس کرتا ہے اور پیلے پن کا شکار ہو کر صحت مندانہ زندگی گذارنے سے قاصر رہتا ہے ۔ سندس فائونڈیشن میں ایسے مریضوں کو سرخ خلیے(آر بی سی)فراہم کئے جاتے ہیں اور وہ بھی بلامعاوضہ ہیموفیلیا بھی خون کی ایک مورثی بیماری ہے اس بیماری میں مبتلا افراد کو اگر زخم لگ جائے تو خون رکتا یا جمتا نہیں ۔ بکثرت خون بہنے سے مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے ۔ سندس فائونڈیشن میں ہیموفیلیا کے افراد کو خون کا سفید حصہ بلامعاوضہ مہیا کیا جاتا ہے ۔ سندس فائونڈیشن ایک ایسا ادارہ ہے جو امراض خون میں مبتلا بچوں کے علاوہ مختلف
ہسپتالوں اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو صاف اور صحت مند خون فراہم کرتا ہے ۔ سندس فائونڈیشن سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ شدہ ادارہ ہے ۔ علاوہ ازیں یہ ادارہ تھیلسیمیا انٹرنیشنل فیڈریشن اور ورلڈ ہیمو فیلیا فیڈریشن سے بھی الحاق شدہ ہے ۔ سندس فائونڈیشن خون کے عطیات جمع کرنیوالا سب سے بڑا نیٹ ورک بن چکا ہے ۔ یہ ادارہ 15 لاکھ سے زائد خون کے عطیات مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو فراہم کر چکا ہے ۔ نئی نسل کو تھیلسیمیا کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے ماہرین کی زیر نگرانی جدید مشینوں کی مدد سے تھیلسیمیا کیئر یئر ٹیسٹ بھی اس ادارہ میں کئے جاتے ہیں ۔ نوجوان نسل کو شادی سے قبل اس ٹیسٹ کی سہولت بھی مفت ہے ۔ یہ ادارہ ہر سال ہزاروں بوتلیں خون جمع کر کے مریضوں تک پہنچاتا ہے ۔ عطیہ خون ایک ایسا قیمتی تحفہ ہے جو کسی کو موت سے نکال کر زندگی کی طرف لے جاتا ہے ۔ا س تحفہ کا کوئی نعم البدل نہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے ایک انسان کی جان بچانے کو پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف قرار دیا ہے ۔ انسانی جسم کا ایک لازمی جزو خون ہے جو کہ دل اور شریانوں کے ذریعے جسم کے اعضا میں گردش کرتا رہتا ہے اور کسی بھی انسان کو شدید بیماری‘سرجری اور حادثاتی صورتحال میں خون ‘پلازما اور وائٹ سیل کی ضرورت پیش آ سکتی ہے ۔ قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے خون کے عطیات انتہائی اہم اور ضروری ہے ۔ انسانی جان بچانے میں خون کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے گوجرانوالہ پولیس بھی خون کے عطیات دینے میں پیش پیش ہے ۔ مختلف ادوار میں یہاں تعینات آر پی او ‘سی پی او صاحبان کی ہدایات پر مختلف تھانہ جات ‘سی آئی اے اور پولیس لائنز میں متعدد بار بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد ہوتا رہا۔حال ہی میں سی پی او گوجرانوالہ عمر سلامت نے انوکھی روایت قائم کرتے ہوئے تھلیسیمیا کے مریض 15 سالہ بچے حمزہ شبیر کی خواہش پوری کرتے ہوئے اسے ایک دن کیلئے اعزازی سی پی او بنا دیا ۔ بھرپور پروٹوکول ملنے پر بچے کی خوشی دیدنی تھی ۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے سندس فائونڈیشن میں زیر علاج بچوں کو فراہمی خون کیلئے جناح اسٹیڈیم میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا جس میں صحافیوں ‘تاجران ‘سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام نے بھرپور شرکت کی اور 560 بلڈ بیگز کا عطیہ دیا گیا۔ حاجی سرفراز احمد نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندس فائونڈیشن میں 6 ہزار کے قریب مریض رجسٹرڈہیں ۔ جن کو پندرہ دن بعد خون کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ سندس فائونڈیشن خون کے عطیات جمع کر کے ان مریضوں کی زندگی کا چراغ روشن رکھتا ہے ۔ ہم بلڈ کیمپ کے کامیاب انعقاد پر عمران عباس چدھڑ ‘چیئرمین سندس فائونڈیشن حاجی سرفراز احمد اور ان کی ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button