حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز شفافیت ہے۔ ہم تمام سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج دوسرے صوبوں میں حکومت پنجاب کی پالیسیوں اور اختراعی حکمت عملی کو اپنایا جا رہا ہے۔ شفافیت کے لحاظ سے صوبہ پنجاب ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پبلک منی میں مالی بے ضابطگی قطعاً قابل برداشت نہیں۔ خریداری اور دیگر مالی امور میں قوانین پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا گیا ہے۔حکومت پنجاب نے میگاپراجیکٹس میں بچت کر کے ایک ایسی مثال قائم کی جس کی کوئی تمثیل کم از کم ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ چین کی حکومت نے جس طرح سے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے وہ کبھی بھی بھلایا نہ جا سکے گا۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ عوامی جمہوریہ چین کی ہر شعبہ میں سرمایہ کاری سے پاکستان جلد ایشیاء کی مایہ نازمعاشی ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دورہ چین کے دوران تھرڈ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔پاک چین تعلقات پورے خطے میں امن،استحکام اورخوشحالی کے لئے ضروری ہیں۔پاکستان اور چین کے مزید مضبوط، جامع اور ہمہ گیر تعلقات دونوں ممالک کے بہترین مفاد کیلئے ناگزیر ہیں – پاکستان اور چائنہ آل ویدر کوآپریٹو سٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔ پاکستان اورچین کی دوستی اور برادرانہ تعلقات ہمیشہ بلندیوں کی طرف گامزن رہیں گے۔ روشن اور تابناک مستقبل کے لئے پاکستان اور چین کو آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان اور چین گزشتہ 7دہائیوں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعلقات کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔پاکستان اور چائنہ دونوں ممالک ثابت کر چکے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات کیلئے باہمی اعتماد اور انڈرسٹینڈنگ بنیادی امور ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینشیٹو کی 10ویں سالگرہ منا ئی جا رہی ہے۔ سپیشل اکنامک زونز، تمام جاری منصوبوں کی تکمیل اور گوادر بندرگاہ کی تیز رفتار ترقی کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ سرمایہ کار، صنعتکار اور تاجرسی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینشیٹو کے ترقیاتی منصوبوں کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرینڈ شپ فورم میں شرکت اور آپ سے مخاطب ہونا میرے اور صوبے کے عوام کیلئے باعث اعزاز ہے – کیمونسٹ پارٹی اور ننشیا کے عوام کا فرینڈ شپ فورم میں میزبانی پر بھی بے حد مشکورہوں – اس فورم نے ہمیں مل بیٹھنے اور اجتماعی دانش سے مستفید ہونے کا نادرموقع فراہم کیا- انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ماضی میں بہت سے چینی بھکشوشاہراہ ریشم پر سفر کر کے گندھارا اور وادی سندھ کی لازوال تہذیب کامشاہدہ کرچکے ہیں۔چینی بھکشوپاکستان میں ہزاروں سال پرانی تہذیب میں پوشیدہ علم اوردوستی کے پیغام سے استفادہ کرچکے ہیں۔ سفارتی تعلقا ت کی شروعات سے متعدد شہراور صوبوں کے دوستی او رہم آہنگی کا علم لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے شہروں اور صوبوں نے آپس میں تعلقات کو بے حد مضبوط رکھا ہوا ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے 43صوبوں اور شہروں نے دوستی کے رشتے قائم کر کے ہمارے مستقبل کے تعلقات کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ پاک چین روابط باہمی اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ سی پیک اور چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی جہت فراہم کی ہے۔چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دارہے اور حالیہ برسوں میں دو طرفہ تجارت میں بے پناہ اضافہ ہواہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے لیڈرز نے دونوں ممالک کے مفاد کیلئے سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سپیشل اکنامک زون اور گوادر ڈویلپمنٹ کے فاسٹ ٹریک پر گامزن ہیں – وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ چین کے تجربات سے استفادہ کر کے پنجاب میں پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔پنجاب سرمایہ کاری کے لئے اوپن اور موزوں ہے اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاری کو آسان بنا یاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ چین کے اشتراک سے زراعت اور دیگر شعبوں میں پنجاب میں پائیدار تبدیلیاں لانے کے لئے تیزی سے کوشاں ہیں تاکی پنجاب کی زراعت کو چین کے تجربات سے استفادہ کر کے جدت کی راہ پر استوار کیا جا ئے گا۔ زراعت، صنعت، لائیو سٹاک اور ماحولیاتی بہتری کے لئے اقدامات کے بارے میں تعاون بڑھانے پر نتیجہ خیز بات چیت خوش آئند ہے۔ سپیشل اکنامک زون کے سلسلے میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کر چکا ہوں -وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری اور چیئرمین کاشاندار میزبانی پر شکریہ بھی کیا۔
چین رونگی سے قبل نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو قائمقام چینی قونصل جنرل”چاؤ کی“نے نیک تمناؤ ں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام پاکستانی بھائیوں کی آمدکے منتظرہیں۔ ان کا یہ دورہ چین پنجاب کے عوام کیلئے سود مند ثابت ہوگا۔بیجنگ ائیرپورٹ پہنچنے پرچین کے اعلی حکام اورپاکستانی سفارتخانے کے افسروں نے وزیراعلیٰ کا خیر مقدم کیا۔ ان کے وفد میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،عامرمیر، اظفر علی ناصر،ابراہیم حسن مراد،چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بیجنگ میں پاکستانی سفیر کی طرف سے استقبالی عشائیہ دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دورہ چین کے دوران ٹویٹ میں کہا ہے کہ چین کے صوبہ ننشیا میں تیسرے چائنہ فرینڈ شپ سٹیز فورم میں پنجاب حکومت کے وفد کی قیادت باعث اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا وفد مہمان خصوصی کی حیثیت سے فورم میں شریک ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چینی شہر ین چوان میں ننشیاکیمونسٹ پارٹی کے وائس گورنر کے آفس پہنچنے جہاں پر کیمونسٹ پارٹی کے وائس گورنر وانگ لی نے وزیر اعلی محسن نقوی اور وفد کا پر تپاک استقبال کیا-وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور وفد کی باہمی ملاقات میں آئی ٹی، زراعت اور ڈیری ڈویلپمنٹ میں تعاون بڑھانے،پنجاب اور ننشیا کے درمیان ثقافتی اور تجارتی وفود کے تبادلے،صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے قابل عمل تجاویز پر غور اورشہری ترقی کے لئے چین کی مہارت اور تجربات سے مستفید ہونے کا فیصلہ کیا گیا-وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ دورہ چین سے تعاون اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔ وانگ لی، وائس گورنر،ننشیاکیمونسٹ پارٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور پنجاب کے وفد کی ننشیا آمد باعث مسرت ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی چینی صوبے ننشیاکے دارالحکومت ین چوان میں کیمونسٹ پارٹی سیکرٹری آفس آمد۔ننشیاکیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری لیانگ یانشون(Liang Yanshun) نے وزیراعلی محسن نقوی اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعلی محسن نقوی اور ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری لیانگ یانشون کی باضابطہ ملاقات میں ننشیا کی ترقی اور ون ونڈو آپریشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا اورمیٹ پروڈکشن،ڈیری ڈویلپمنٹ،آئی ٹی اور ڈریپ اریگیشن سسٹم میں چین کی مہارت سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق ہوا جبکہ ساہیوال اور بہاولپور کو ننشیا کے شہروں ووزہنگ اورژانگ وی کے سسٹر شہر قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے سیکرٹری ننشیا کیمونسٹ پارٹی لیانگ یانشون کوپنجاب کے دورہ کی دعوت دی۔اس موقع پرننشیا اور پنجاب کے درمیان 17سال قبل سسٹر صوبے کے معاہدے کے احیاء پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ اٹل ہے۔ننشیا میں صنعتی اور زرعی ترقی کے ماڈل کامشاہدہ کررہے ہیں۔ سیکرٹری ننشیا کیمونسٹ پارٹی لیانگ یانشون نے کہاکہ وزیر اعلی محسن نقوی کے کام سے متاثر ہیں۔پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے تعاون سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے دورہ کے دوران بغیر کسی آرام کے تھرڈ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم کے شرکاء کے اعزاز میں ہیلن مونٹین میں دئیے گئے عشائیہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔فورم کے شرکاء کے لئے روایتی چینی ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا۔انہوں نے شرکاء سے گفتگو کی اور ثقافتی، تجارتی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو تھرڈ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم کے شرکاء کی جانب سے خصوصی پذیرائی ملی۔ وزیر اعلی محسن نقوی کے ساتھ غیر ملکی مندوبین سے ملاقات کی اور پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ چین کے شہر ین چوان میں ننشیا کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری لیانگ ین شون اور ان کے وفد کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پنجاب میں زراعت، لائیو سٹاک اور صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری کیمونسٹ پارٹی لیانگ ین شون کو پنجاب کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور ساہیوال اور بہاولپور کوسسٹر سٹیز قرار دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔باہمی ترقی کے لئے برادر ملک چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔وزیراعلی پنجاب محسن نقوی پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی صوبے کے پہلے وزیر اعلیٰ ہیں جنہیں چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ینسچوان میں تیسرے ننشیا انٹرنیشنل فرینڈز سیٹز فورم کے افتتاح کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ فورم میں دنیا کے 18 سے زائد ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو ننشیا کی حکومت نے سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا۔وزیر اعلی محسن نقوی فورم میں شرکت کے لئے یوہائی کے کانفرنس ہال میں داخل ہونے تو ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی اور ان کے وفد کو تیسرے ننشیاانٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کے دوران غیر معمولی پذیرائی ملی اور ان کے کلیدی خطاب کو ننشیا کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری اور دیگر مندوبین نے بہت سراہا۔فورم میں پاکستان کے علاوجاپان، ملائشیاء، کوریا، مراکش،سری لنکا،نیوزی لینڈ،مصر، کمبوڈیا، عراق، کرغیزستان،کاغستان،نیمبیا،ٹونگا،نارتھ ایشین ریجنل فیڈریشن آف لوکل گورنمنٹ،روس چائنہ فرنٹ شپ ایسوسی ایشن کے اعلی سطح کے وفود نے شرکت کی۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور وفد نے ین چوان میں دودھ کی جدید پراسیسنگ فیکٹری اور سٹیٹ آف دی آرٹ ون ونڈو سسٹم کا دورہ کیا-انہوں چائنہ فرسٹ ڈیپ پراسیسنگ فیکٹری کے مختلف شعبے دیکھے اور دودھ کی پراسیسنگ، cheese،پروٹین اور دیگر ویلیو ایڈیشن اشیاء کے بارے بریف کیا گیا-وفد کو ین چوان شہر کے وسط میں قائم تیز رفتار ون ونڈو آپریشن سسٹم کے تحت شہریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات میں بتایا گیا کہ ون ونڈو آپریشن کے بعد دفاتر میں استعمال ہونے والی 69 سرکاری مہریں ختم کر دی گئی ہیں اور تمام مہریں ون ونڈو آپریشن کے ہال کے ایک باکس میں رکھی گئی ہیں۔ آن لائن درخواست فارم فل نہ کرنے والے شہریوں کیلئے الگ ہال میں فارم فل کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ون ونڈو ایڈمنسٹریشن سیل میں درخواست موصول ہونے کے بعد چند منٹ میں پراسیس مکمل ہو جاتا ہے۔شہریوں کو صرف ایک بار ہی ون ونڈو ایڈمنسٹریشن آنا پڑتا ہے۔ ون ونڈو ایڈمنسٹریشن میں فراہم کردہ سہولتوں اور درخواستوں پر کارروائی کے حوالے سے 99 سے زائد شہری مطمئن ہیں۔وفدنے اس عمل کوبے حد سراہا اور کہا کہ عوام کے لئے ون ونڈو آپریشن سٹیٹ آف دی آرٹ ہے۔ اس طرح کا نظام شہریوں کا سرکاری مشینری پر اعتماد کو مضبوط بناتاہے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں ہر سطح پر انتظامی امور اور شہری سہولتوں میں بہتری نظر آئی۔ون ونڈو سیل اپنی مثال آپ ہے۔ لاہور سمیت بڑے شہروں میں ایسا نظام ناگزیر ہے۔صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے کہا کہ ملک پراسیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھائیں گے۔وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ین چوان شہر جیسا سپیڈی ونڈو آپریشن ہمارے شہروں میں بھی شروع ہو۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے شہر ین چوان میں صوبہ ننشیا کے سب سے بڑے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔ ننشیاکا سب سے بڑا جنرل ہسپتال 3500 بستروں پر مشتمل ہے۔وزیر اعلی نے ننشیا جنرل ہسپتال کے استقبالیہ،وارڈز ا، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ریسٹ روم، بلڈ سیپمل کولیکشن روم،میڈیکل سٹوراور ایمرجنسی وارڈ اور جدید ترین طبی آلات سے لیس ایمبولینس گاڑیوں کا نظام اور علاج معالجے کے لئے موجود جدید مشینری اور آلات دیکھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ننشیا کے سب سے بڑے جنرل ہسپتال کا مینجمنٹ سسٹم لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے اسی طرز پر طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کی جا ئیگی۔ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے ننشیا حکومت کی مہارت سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ با کمال اور محنتی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ٹویٹر ٹرینڈ ٹاپ پر آ گئے۔ ”محسن نقوی ان چائنہ“ٹاپ ٹرینڈز میں پہلے نمبر پر آرہا ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دورہ چین کو ننشیا کے مقامی ذرائع ابلاغ میں بھی خصوصی کوریج حاصل ہوئی۔
چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں 6ویں چین،عرب ایکسپو میں شریک غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزراء نے ایکسپو میں شریک عرب ممالک کے وفود سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کہاکہ دورہ چین پنجاب کے عوام کو مزید بہتر سہولتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے معاون ثابت ہو گا۔ وفد نے ننشیا یونیورسٹی کے سکول آف ایگریکلچر کے دورہ میں آبپاشی و زرعی نظام کا بھی جائزہ لیا۔وفدنے کہاکہ سکول آف ایگریکلچر ننشیا یونیورسٹی زرعی ریسرچ میں بہت آگے ہے۔ چینی زرعی ریسرچ سے استفادہ کیا جائے گا۔ پنجاب کے زرعی ریسرچ اداروں کو بھی ننشیا یونیورسٹی کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ زرعی ریسرچ میں چینی اداروں کی معاونت سے بہتر ین اصلاحات عمل میں لائی جائیں گی۔ ننشیا یونیورسٹی کے سکول آف ایگریکلچر کی فیکلٹی 200 ٹیچرز پر مشتمل ہے۔ سکول آف ایگریکلچر میں 2000 سے زائد سٹوڈنٹس زیر تعلیم ہیں۔ وفد نے پنگ جی پاؤ (Ping ji Pu)کے علاقے میں آبپاشی و زرعی سسٹم کامعائنہ اور ڈرپ ایریگیشن نظام اور مکئی کی تیار فصل کا مشاہدہ کرتے ہوئے زراعت کے لیے پانی کے موثر استعمال کے عمل کا جائزہ لیا۔ وفد کو ین چوان کے آبپاشی و زرعی نظام میں آگاہی دی گئی کہ یلیو ریورر سے پانی لے کر ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ضرورت کے مطابق پانی میں معدنیات شامل کرکے فصلوں کو فراہم کیا جاتاہے۔ معدنیات والے پانی کے باعث فصلوں کی پیداوار میں 50 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں پنجاب حکومت کے وفد نے 6ویں چین،عرب ممالک ایکسپوتقریب میں خصوصی شرکت کے دوران ننشیا کے حکام اور کیمونسٹ پارٹی کے عہدیداروں اور ایکسپو میں شریک عرب ممالک کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔ دورہ چین پنجاب کے عوام کو مزید بہتر سہولتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے معاون ثابت ہو گا۔