کرپشن کے خاتمے کے لئے ہم دن رات محنت کر رہے ہیں.وزیراعظم شہباز شریف

لاہور : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، کرپشن کے خاتمے کیلئے نوازشریف دور میں ہم دن رات کام کر رہے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ملٹی لیول شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران دور میں چار سال ملک اور پنجاب میں تباہی بپا کی گئی۔ 2018 کے بعد سے کرپشن کی انتہا ہو گئی، تھانے بکتے تھے۔ ملک میں مہنگائی ہے جس سے عام آدمی بہت تنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننے پر مجبور ہیں، عالمی مالیاتی ادارے سے معاہدے کیلئے آج بھی لکیریں نکلوائی جا رہی ہیں۔ آئی ایم ایف کا ٹوٹا ہوا معاہدہ ہماری جھولی میں ڈالا گیا۔ ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں، آئی ایم ایف نے دوست ممالک سے اربوں ڈالر قرض کی شرط لگائی، ہمیں ان کی شرائط ماننا پڑ رہی ہیں۔ ہمارے دوست ملک چین نے 2 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کر دیا۔یو اے ای اور سعودی عرب نے ہمیں 3 ارب ڈالر دیئے۔