پنجاب ،پختونخوا کی نگران حکومتیں ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
درخواست سابق وزرائے اعلیٰ پرویز الٰہی اور محمود خان کی جانب سے دائر کی گئی، آرٹیکل 184(3) کے تحت آئینی مدت پوری ہونے پردونوں صوبوں کے نگران وزرائے اعلیٰ کو فوری ہٹانے کی استدعا عام انتخابات کے انعقاد کے نتیجے میں منتخب حکومتوں کے قیام تک روزمرہ کے امور کی دیکھ بھال کیلئے عدالت اپنی نگرانی میں طریقۂ کار وضع کرے،درخواست گزاروں کی عدالت عظمیٰ سے درخواست

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف نے آئینی مدت کی تکمیل کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگران حکومتوں کو ہٹانے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائرکردی ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق درخواست پاکستان تحریک انصاف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
دستور کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کردہ درخواست میں سپریم کورٹ سے آئینی مدت کی تکمیل کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگران وزرائے اعلیٰ کو فوری طور پر ہٹائے جانے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں دونوں نگران وزرائے اعلیٰ کو اختیارات کے استعمال سے فوری طور پر روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔درخواست گزاروں نے عدالت عظمیٰ سے اپنی نگرانی میں پنجاب و کے پی میں روزمرہ کے امور چلانے کا طریقۂ کار وضع کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کے نتیجے میں منتخب حکومتوں کے قیام تک روزمرہ کے امور کی دیکھ بھال کیلئے عدالت اپنی نگرانی میں طریقۂ کار وضع کرے۔درخواست میں وفاق پاکستان کو داخلہ، خزانہ اور قانون و انصاف کے سیکرٹریز کے ذریعے فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں صدر اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹریزکے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگران وزرائے اعلیٰ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق درخواست میں پنجاب و خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران حکومتوں کی تشکیل کے تمام حقائق فراہم کیے گئے ہیں اور دستورِ پاکستان اور انتخابی قوانین کی متعلقہ بنیادوں کو بھی صراحت سے بیان کیا گیا ہے۔