پاکستانسیاست

قومIMF سے معاہدے کیلئے دعا کرے: وزیر اعظم

مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی،جن حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی یہ بہت بڑی ذمہ داری تھی، یہ پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کی مالا ہے،سیاست نہیں کی ،ریاست کو بچایا ہے:شہباز شریف لیڈر قوم کا استاد اور مثال ہوتا ہے،نواز شریف نے کبھی قوم کو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کا درس نہیں دیا،میری گرفتاری پر نواز شریف نے نیب افسران کو کہا یاد رکھنا وقت ایک جیسا نہیں رہتا:مریم نواز

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،نیوزایجنسیاں)مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف کو صدر منتخب کرلیا۔اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ کونسل میں ن لیگ کے کئی عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر، مریم نواز شریف سینئر نائب صدر، احسن اقبال جنرل سیکرٹری، مریم اورنگزیب سیکرٹری اطلاعات، عطاء تارڑ ڈپٹی سیکریٹری، اسحاق ڈار فنانس سیکرٹری اوورسیز کے صدر منتخب ہوئے۔
یہ تمام عہدے دار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔مسلم (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر شہباز شریف نے تمام منتخب ہونے والے اراکین کو مبارک باد پیش کی۔ان کا کہنا تھا آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کے لیے ہم الٹے سیدھے تک ہوگئے ہیں، آپ دعا کریں کہ ہمارا معاہدہ ہوجائے۔شہباز شریف نے کہا کہ ’ضروری میٹنگ کی وجہ سے تقریر مختصر کروں گا، پہلی بات یہ ہے کہ کئی بار میں نے جنرل کونسل کے اجلاس کو مدت ختم ہونے کے باوجود مؤخر کروایا، میری کوشش تھی کہ نوازشریف پاکستان واپس تشریف لے آئیں اور یہ امانت اُن کے حوالے کردوں مگر بعض وجوہات کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تلوار ہمارے سروں پر لٹک رہی تھی جس کی وجہ سے انٹرپارٹی الیکشن کا انعقاد کرنا پڑا، میں سب کا مشکور ہوں، آپ نے ہم پر بھروسہ کرتے ہوئے بلامقابلہ منتخب کروایا، تنظیمی عہدے نوازشریف کی امانت ہیں، اُن کی واپسی پر ہم یہ واپس کردیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز نے بطور چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بہت محنت کی، یہ بہت باہمت بچی ہے جو ملک کے ہر کونے میں جارہی ہے، ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس کو نوازشریف کی ضرورت ہے اور جب وہ پاکستان واپس آئیں گے تو ملک کا سیاسی و معاشی نقشہ بدل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ’نوازشریف کی غیر موجودگی کے باوجود کارکنان اور قیادت نے بہت زیادہ حوصلے سے کام کیا اور جیلوں تک میں گئے مگر اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا، ہم نے جن حالات میں اقتدار سنبھالا وہ کانٹوں کا اسٹیج تھا، اسحاق ڈار رات دن جس طرح ملک کی معیشت بہتر کرنے کے لیے محنت کررہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ملکی مفاد کی خاطر آئی ایم ایف سے بات کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اُن کی شرائط ماننے کے لیے الٹے سیدھے بھی ہوگئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ مختصر مدت کا ہی معاہدہ ہوجائے تاکہ ہم بڑے معاشی چلینجز سے نکل جائیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، آپ لوگ دعا کریں کہ ہمارا معاہدہ ہوجائے، امید ہے اللہ دعا سنے گا اور پھر پاکستان کے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ نواز شریف وطن واپس آکر الیکشن لڑیں اور وزیراعظم بنیں پھر میں اُن کے سپاہی کے طور پر کام کروں گا۔شہباز شریف نے کہا کہ اسحاق ڈار ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے اپنی صحت تک خراب کرچکے ہیں، ایسے میں اُن پر الزامات لگانے اور تنقید کرنے والے کو مسلم لیگ ن میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاشہباز شریف نے ہمیشہ محمد نواز شریف کو اپنا صدر مانا ہے، منتخب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو محمد شہباز شریف نےسہارا دیا۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں، کارکنوں کے چٹان کی طرح ساتھ دینے پر آج پارٹی مضبوط ہے، شہباز شریف نے کوئی بھی فیصلہ نواز شریف کے مشورے کے بغیر نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود نواز شریف نے صبر و اعلیٰ اخلاق کا دامن نہیں چھوڑا، نواز شریف نے کبھی قوم کو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کا درس نہیں دیا، لیڈر قوم کا استاد ہوتا ہے اور لیڈر قوم کے لیے مثال ہوتا ہے۔سینئر نائب صدرن لیگ نے کہا کہ میں کبھی تقریر کے دوران جذباتی ہوجاتی ہوں تو نواز شریف کا میسج آجاتا ہے بیٹا آرام سے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ نواز شریف نے جلاؤ گھیراؤ کی کبھی ترغیب دی ہو۔مریم نواز نے کہا کہ کیا کسی نے کبھی سیاست یا جماعت چھوڑنے کا کہا؟ تبدیلیاں لانے والے جہاں سے آئے تھے وہیں چلے گئے، میری گرفتاری پر نواز شریف نے نیب افسران کو کہا یاد رکھنا وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پر شہدا کا مذاق اڑایا گیا، شہدا پوری قوم کے ہوتے ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ گھناؤنا جرم کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Diyarbakır koltuk yıkama hindi sex