
اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان ہینڈلرز کے جانے سے پہلے الیکشن چاہتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نےکہا کہ عمران خان اپنے ہینڈلرز کے لیے کیس بنانے کی خاطر مذاکرات کررہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اپنے ہینڈلرز کی موجودگی میں الیکشن کرالیں مگر ہم اس کی خواہش کا ایندھن بننے کو تیار نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے آدھے ہینڈلر ریٹائر ہوگئے اور باقی بھی ستمبر میں ریٹائر ہو جائیں گے، عمران کی کوشش یہ ہے کہ وہ سزاؤں سے بچ سکیں اور کارکنوں کے زور پر عدالت کو مرعوب کر سکیں، عدالتی نظام ان کے سامنے پسپائی بھی اختیار کر رہا ہے، ہمیں ضمانت نہیں ملتی تھی اور عمران خان کو ایک ایک دن میں آٹھ آٹھ ضمانتیں مل جاتی ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تین رکنی بینچ کا فیصلہ عمران خان کا فیصلہ ہے، یہ اقلیتی فیصلہ ہے اور اسے تو سپریم کورٹ کے اپنے ججوں نے بھی تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نہ صرف عدلیہ بلکہ پورے ملک کے ناسور ہیں، قوم آج تک ان کے متنازعہ فیصلوں کی سزا بھگت رہی ہے۔