
تحریک انصاف کے رہنماعامر لیاقت نے کہا ہے پاکستان میں مردوں کو دوسری، تیسری اور چوتھی شادی کی اجازت دی جائے، اللہ نے انسان کو کمزور بنایا ہے، شادی ہوجائے تب بھی وہ دوسری طرف دیکھتا ہے اسی لیے ایک سے زائد شادیوں کا حکم دیا گیا ہے۔
عامر لیاقت نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وزیر اعظم نے انہیں فون کرکے شادی کی مبارک باد دی ہے، وہ وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے شادی کی مبارک باد دی۔
عامر لیاقت نے گزشتہ روز لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ دنیہ شاہ نامی لڑکی سے تیسری شادی کی ہے۔ گزشتہ روز ہی ان کی دوسری بیوی سیدہ طوبیٰ انور نے خلع کا اعلان کیا تھا۔
نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا کہ انہوں نے شادی کی ہے کبھی حرام رشتے نہیں رکھے، انہوں نے ہمیشہ حلال رشتوں پر یقین رکھا ہے، اللہ نے ایک سے زائد شادیوں کا حکم دیا ہے، ہم بھارت سے ہجرت کرکے ضرور آئے ہیں لیکن بھارتی کلچر کو اپنے اوپر سوار نہ کریں ، بھارت میں ایک شادی پر اکتفا کیا جاتا ہے لیکن اسلام زیادہ شادیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، لوگ پہلی بیوی سے ڈر کر دوسری شادی نہیں کرتے، جو بھی دوسری شادی کا خواہش مند ہے وہ اللہ سے ڈرے اور بیوی سے نہ ڈرے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک چوتھی شادی کی گنجائش بھی موجود ہے۔
عامر لیاقت نے کہا اگر وہ اسمبلی میں دوسری شادی کے حوالے سے بل لائے تو بہت سے لوگ اپنے بل میں چھپ جائیں گے، فیملی لاز میں ترامیم کی ضرورت ہے، عائلی قوانین کا پاکستان کے کلچر سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ تو ایوب خان نے اپنی بیٹی کیلئے اس وقت بنائے تھے جب ان کے داماد نے دوسری شادی کی تھی۔