صحت مند ناخن آپ کی شخصیت

ہزاروں سال قبل سے لے کر آج تک مرد اور خواتین نہ صرف اپنے ہاتھوں اور ناخنوں کی دیکھ بھال کرتے چلے آرہے ہیں بلکہ انہیں مزید صحت مند اور خوبصورت بنانے کے لئے مختلف قسم کی مصنوعات بھی ایجاد کرتے رہے ہیں۔خوبصورت تراشے ہوئے ناخن نہ صرف خوبصورت اور دلکش نظر آتے ہیں بلکہ وہ اچھے اور معیاری حفظان صحت کی علامت بھی قرار دیئے جاتے ہیں۔
اکثر نوجوان لڑکیاں‘ملازمت پیشہ خواتین اور شادی شدہ خواتین کو نیل پالش بہت پسند ہوتی ہے اور وہ ہر وقت نیل پالش سے ان کے ناخن سجے رہیں‘ایسی خواتین کچھ ہی دیر کے لئے اپنے ناخنوں سے نیل پالش کو صاف کرتی ہیں‘وہ بھی اس وقت جبکہ ان کو اپنے لباس سے ہم آہنگ نیل پالش لگانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔نفاست اور صفائی سے لگے ہوئے نیل پالش والے ہاتھ خوبصورت بھی بہت نظر آتے ہیں‘لیکن اس معاملے میں ذرا سی بد احتیاطی آپ کے ناخنوں کی صحت کی دشمن ثابت ہو سکتی ہے۔
جب آپ دوسری نیل پالش لگانے سے قبل پہلے سے لگی ہوئی نیل پالش کو صاف کریں تو بہترین اور معیاری نیل پالش ریموور کا استعمال کریں۔
اس کے علاوہ نیل پالش صاف کرنے کے بعد ایک اچھی ہینڈ کریم یا سارے زیتون کے تیل سے ناخنوں کا مساج کریں اور کیوٹیکلز کا بھی اچھی طرح مساج کریں۔اگر ممکن ہو تو ایک نیل پالش صاف کرنے کے بعد دوسری نیل پالش لگانے سے قبل درمیان میں ایک دن کا وقفہ ضرور دیں تاکہ ناخنوں کو سانس لینے میں آسانی ہو اور قدرتی فضا میں ان کی صحت بھی درست رہے۔
اس کے علاوہ فریش فروٹ نیل آرٹ کے ذریعے بھی ناخنوں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،اگر آپ فیشن کی دلدادہ ہیں اور کچھ نیا کرنا چاہ رہی ہیں تو تربوزی آرٹ کو اپنے ناخنوں پر ضرور آزمائیں۔سن رائز نیل آرٹ بھی موسم گرما کے نیل آرٹ ٹرینڈ میں سے ایک ہے،اس نیل آرٹ کو ناخنوں پر لگانے کے لئے پیلی اور اورنج نیل پالش کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اگر آپ اپنے ناخنوں پر قدرتی چمک لانا چاہتی ہیں تو ان پر چند منٹ تک پٹرولیم جیلی کا مساج کرکے کچھ دیر بعد روئی سے صاف کر لیں۔
ہفتے میں 3 سے 4 مرتبہ صرف 15 منٹ کے لئے اپنے ناخنوں کو زیتون کے تیل میں ڈبوئیں۔
لہسن کے چند جوئے لے کر انہیں چھیل لیں اور آہستہ آہستہ ناخنوں پر ملتی رہیں یہ عمل تقریباً 20 منٹ تک جاری رکھیں۔