پاکستانتازہ ترین

شیخ رشید کی 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں بھی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

سپیشل جج اے ٹی سی راولپنڈی ملک اعجاز آصف نے ذاتی مچلکوں پر عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی، عدالت نے وفاقی حکومت کو 18 نومبر کیلئے نوٹس جاری کردیا ہے۔

سائلین کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کی، شیخ رشید اور راشد شفیق کو 9 مئی کے تمام مقدمات میں بیانات کے ذریعے 29 ستمبر کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

سردار عبدالرازق نے مؤقف اپنایا کہ ایک ہی دن کے تمام مقدمات میں شیخ رشید اور راشد شفیق کا نام ڈالنا سیاسی انتقام اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی بدترین مثال ہے، قانون میں اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ شیخ رشید کی رٹ پٹیشن پر آئی جی پنجاب نے ہائیکورٹ میں بیان دیا تھا کہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں، گرفتاری کے بعد بیانات کے ذریعے انہیں جھوٹے مقدمات میں بے گناہ ملوث کردیا گیا ہے۔

وکیل سردار عبدالرازق نے مزید کہا کہ شیخ رشید تو 9 مئی کے واقعات کی متعدد بار مذمت کرچکے ہیں، شیخ رشید اور راشد شفیق آج خود بھی عدالت میں موجود تھے۔

بعدازاں عدالت نے دونوں کے جملہ مقدمات میں ذاتی مچلکوں پر عبوری ضمانت 18 نومبر تک منظور کرلی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *