زرنش خان زیادتی اور قتل کی خبریں سن سن کر پریشان
معروف پاکستانی اداکارہ زرنش خان نے سوشل میڈیا پر روزانہ کی بنیاد پر زیادتی، ہراسانی اور قتل کرنے کے واقعات کی خبریں دیکھ کر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ زرنش خان نے اپنے اسٹاگرام اکاؤنٹ پر روزانہ کی بنیاد پر زیادتی، ہراساں کرنے اور قتل کرنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج کل جب بھی میں سوشل میڈیا استعمال کرتی ہوں، اُنہیں صرف ان لوگوں کے بارے میں خبریں دیکھنے کو ملتی ہیں جن کا ریپ ہوا ہو، قتل ہوا یا ہراساں ہوئے ہوں یاپھر عورتوں کے لباس پر بحث ہو رہی ہوتی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اُن کے لیے یہ جاننا بہت ذہنی دباؤ کا باعث ہے کہ قانون کا نفاذ نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا معاشرہ بہت چڑچڑا اور معزور ہوتا جارہا ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’جتنا جلدی ممکن ہوسکے اس ساری افراتفری کی صورتحال کو قابو کرنا ہوگا تا کہ ہم سب اپنے گھروں اور گلیوں میں خود کو محفوظ محسوس کرسکیں۔‘
زرنش خان نے پاکستان میں دہشت گردی کے انتہائی تاریک دور کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں دہائیوں تک دہشت گردی نے اپنی لپیٹ میں لیے رکھا اور اب انسانی جسم میں یہ درندے اس افسوس ناک کہانی کو ہمارے جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ سب آخر کب ختم ہوگا؟‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’ایک اور المیہ یہ بھی ہے کہ ہمارے عوام جو اپنی آواز اٹھانے اور فنکاروں کو بر بھلا کہنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں جب کوئی حقیقی مسائل سامنے آتے ہیں تو اس عوام کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
پاکستان میں کرپشن کی موجودگی کے بارے میں اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھے محسوس ہوتا ہے کہ کرپشن ہمارے ہی ساتھ ہے ایسے خطرناک افراد ہمارے ساتھ رہ ہے ہیں، کھارہے ہیں، سانس لے رہے ہیں اور ہماری ہی ناک کے نیچے یہ خطرناک جرائم کر رہے ہیں، یہ کوئی باہر کے لوگ نہیں ہیں۔‘
آخر میں زرنش خان نے لوگوں سے درخواست کی کہ کسی کے لباس ، بیان ، یا ذاتی پسند پر تنقید کرنے کے بجائے کسی اچھے مقصد کے لیے اپنی آواز اٹھائیں۔
اداکارہ نے ایسے افسوس ناک واقعات کا شکار ہونے والے افراد کے گھر والوں سے اظہارِ افسوس کیا اور ان کی ہمت اور حوصلے کے لیے دعا بھی کی۔