
ہیں لوگ جہاں میں وہی اچھے
آتے ہیں جو کام دوسروں کے
دنیا میں لاکھوں کروڑوں لوگ آتے ہیں ، زندگی گزار کر چلے جاتے ہیں مگر جو لوگ اپنے شعبہ سے پیار کرتے ہیں اور فرائض منصبی ایمانداری سے سرانجام دیتے ہیں انہیں لوگ مدتوں یاد رکھتے ہیں ۔ کنجاہ کے بزرگ صحافی ؍بانی پریس کلب کنجاہ حاجی محمد صدیق بٹ مرحوم کا شمار بھی انہی لوگوں میں کیا جاتا ہے جنہوںنے اپنی ساری زندگی عوام الناس کی فلاح و بہبود اور قلم کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کی بھر پور جدوجہد کی ۔ سرکاری افسران یا پھر کرپٹ مافیا ان کی تحریروں سے ہمیشہ خوفزدہ رہتی تھی ۔ انہوںنے قلم کا استعمال بڑی ، جرات ، بہادری اور بے باکی سے کیا ۔ گزشتہ روز ان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ؍ دعائیہ تقریب کا انعقاد گزشتہ لائبریری ہال میونسپل کمیٹی کنجاہ میں کیا گیا ۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض چیئرمین تحصیل پریس کلب کنجاہ یاورعباس، سجاد احمد رحمانی ، ظفر ادیب اور حاجی محمد اقبال نے سرانجام دئیے ۔ تقریب کی صدارت گجرات پریس کلب کے صدر بشارت لودھی نے کی ، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض یاورعباس نے سرانجام دئیے ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ؐسے کیا گیا ۔ اس موقع پر
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد صدیق بٹ کی صحافتی ، سماجی ، مذہبی اور سیاسی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ مقررین نے کہا کہ حاجی محمد صدیق بٹ نے ہمیشہ حق و صداقت کی آواز بلند کی ، وہ ہمیشہ مجبور ، بے بس اور پسے ہوئے لوگوں کی آواز بنے ۔ معاشرتی مسائل اور ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے ، تقریب سے گجرات پریس کلب کے صدر بشارت لودھی ، جنرل سیکرٹری راجہ ریاض احمد راسخ ، سینئر صحافی و ادبی شخصیت محمد افضل راز ، سابق چیئرمین بلدیہ کنجاہ رانا مقصود احمد ،سابق وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی کنجاہ لاء آفیسر پنجاب اسمبلی چوہدری خرم شہزاد وڑائچ ایڈووکیٹ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ پنجاب سید نوید حیدر شاہ ، نامور علمی و ادبی شخصیت پروفیسر تفاخر محمود گوندل ، رہنما جماعت اسلامی حلقہ ،چوہدری سجاد احمد وڑائچ ، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ملک سمیع اﷲ اعوان ،صدر انجمن تاجران کریانہ ایسوسی ایشن کنجاہ صاحبزادہ محمد شبیر سیفی ، رہنما تحریک انصاف محمد بلال معروف بٹ ،ممتاز ادبی شخصیت محمد آصف ٹانڈہ ، منگووال پریس کلب کے سابق صدر و نمائندہ 92نیوز حافظ محمد ثناء اﷲ مٹو، پرنسپل پروگریسو پبلک سکول کنجاہ حافظ اسرار احمد شیخ ، ممتاز سماجی شخصیت انجینئر چوہدری محمد اشرف وڑائچ ، تحریک منہاج القرآن کنجاہ کے صدر فضل کریم جان ،ہمدرد ویلفئیر سوسائٹی کنجاہ کے صدر حکیم لیاقت علی بٹ ،جماعت اسلامی کنجاہ کے صدر حافظ محمد اقبال ، منگووال غربی کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ظہیر احمد بٹ نے خطاب کیا اور حاجی محمد صدیق بٹ مرحوم کی صحافتی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سابق صدر بزم غنیمت وشریف کنجاہی منیر چشتی کنجاہی نے حاجی محمد صدیق بٹ کو منظوم خراج تحسین پیش کیا ۔ ممتاز نعت خوان میر محمد ریاض نے حاجی محمد صدیق بٹ کا نعتیہ کلام پیش کیا ۔ جبکہ صحافیوں میں سید اشفاق حیدر ، ظفر ادیب ، سلیم اشرف فاروقی ، سجاداحمد رحمانی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر حاجی محمد صدیق بٹ مرحوم کے صاحبزادے محمد شعیب بٹ نے جرمنی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے والد محترم کے لیے ایک خوبصورت دعائیہ تقریب کر کے اہل کنجاہ نے ان کی خدمات کا صلہ دے دیا ہے اور ان کے دوستوں نے اپنا حق ادا کردیا ہے ۔تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا جماعت اہلسنت کنجاہ کے صدر سید رحمت علی شاہ نے کروائی ۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز گجرات شوکت محمود انصاری ، ممتاز ماہر تعلیم ماسٹر محمد اقبال شاہین پبلک لائبریری مچھیانہ ، تحریک منہاج القرآن کے صدر مہر رشید احمد ، سینئر صحافی ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، جنرل سیکرٹری ایمپلائز یونین امجد اقبال قادری ، ممتاز نعت خواں محمد عامر کنجاہی ، ممتاز علمی وادبی شخصیت لیاقت گڈگور، محمد سرور صابر (ر) ریڈرسیشن جج گجرات ، مہر نثار احمد آرائیں ، خالد محمود عطاری ، جماعت اہلسنت کنجاہ کے ناظم اعلیٰ محمد افضال رانجھا ، معروف کاروباری شخصیت لالہ ظفر اقبال (ناصر برادرز ) شیخ محمد ادریس سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گجرات کے مرحومین سینئر صحافیوں قربان طاہر، شاویز اے ملک ، ایس اے منشی ، راجہ طارق محمود، سید وقار گیلانی ، مشتاق ناصر ، راحت ملک ، کرامت اﷲ ، خان اختر وڑائچ ، ایم دائود خاں ، جلیس الرحمن ، محمد مہر سلیمی ، عبدالرحمن مرزا، محمد اشرف بزمی ، محمد بلال بابر کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کروائی گئیں اور آسمان صحافت کے ان درخشندہ ستاروں کی صحافتی خدمات کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا اور یہ عہد کیا گیا کہ قلم کی حرمت کی پاسداری کرنے کی روایت کو برقرار رکھا جائے گا ۔ آخر میں ہم ان کے لیے دعا ہی کرسکتے ہیں کہ اﷲ تعالیٰ ان کی قبر پر کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے آمین۔