کھیل

ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی پاکستان سے باہر منتقلی ناقابل قبول:نجم سیٹھی

ہمیں بھی انڈیا میں سکیورٹی خدشات،بھارت ایسی صورتحال نہ بنائے جس کا نتیجہ ایشیا ، ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر نکلے ہماری حکومت بھی دہشتگردی کو بھڑکانے کا الزام بھارت پر لگا سکتی ہے: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا انٹرویو

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کا حق کھویا تو بھارت میں ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بھارت تمام میچز نیوٹرل وینیو پر چاہتا ہے، بھارت ایسی صورت حال نہ بنائے جس کا نتیجہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر نکلے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایسی صورت حال نہ بنائے کہ پھر اسے چیمپئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنا پڑے، ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی پاکستان سے باہر منتقلی قابل قبول نہیں ہو گی،نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایسی صورت حال میں پاکستان ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے، ہمیں بھی پاکستانی ٹیم کے لیے بھارت میں سیکیورٹی خدشات ہیں۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو واپس لانے کے لیے بہت محنت کی، گزشتہ برسوں میں ہر بڑے ملک کی ٹیم پاکستان آئی اور سکیورٹی کی تعریف کی۔ان کا کہنا ہے کہ بھارتی برج ٹیم، کبڈی ٹیم، بیس بال ٹیم پاکستان آ سکتی ہیں تو کرکٹ ٹیم کیوں نہیں آ سکتی، بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مسئلہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر کے کھڑا کیا۔ ہماری حکومت بھی دہشت گردی کو بھڑکانے کا الزام بھارت پر لگا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2008 کے بعد سے اب تک دونوں ممالک میں دہشت گردی کے حوالے سے بہتری آ چکی ہے، 2009 میں سری لنکا پر حملہ ہوا تو اس کے بعد اب مکمل انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ چکی ہے۔نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی دونوں حکومتیں ایک دوسرے پر الزام لگا سکتی ہیں، اب کسی ایک کو آگے بڑھنا ہے اور کھیلنا ہے، پاکستان میں صورتحال بہت اچھی ہے۔مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ چار برسوں سے پاکستان میں مسلسل کرکٹ ہو رہی ہے، ہنگامے تو دہلی میں بھی ہوئے تھے تو کیا یہ شہر غیر محفوظ تھا، عمران خان جب سڑکوں پر تھے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم کرکٹ کھیل رہی تھی۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صورتحال کچھ اوپر نیچے ہے لیکن ستمبر میں معاملات بہتر ہوں گے، اگر بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان آنے سے روکے گی تو پاکستان حکومت بھی ایسا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت میں کہیں بھی کھیل لیں گے لیکن پہلے ایشیا کپ اس ماڈل پر ہو جس کی ہم نے تجویز دی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ جلد فیصلہ ہونا چاہیے کہ ایشیا کپ کیسے منعقد ہونا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
%d bloggers like this: