کالم

المصطفیٰ ویلفیئرٹرسٹ کی خدمات

محسن گورایہ

زمانہ طالبعلمی ایک ایسی طلبہ تنظیم میں گزرا جس نے ایک طرف اللہ اور اس کے رسول کے عشق سے ہمارے دلوں کو منور کیا تو دوسری طرف ہماری ذاتی صلاحیتوں کو بھی جلا بخشی ،یہ ایک طویل داستان ہے جس کی تفصیلات کسی اور وقت مگر جن دنوں ہم سب دوست ،، انجمن طلبہ اسلام ،،کے پلیٹ فارم پر مل بیٹھتے تھے تو سوچا کرتے تھے کہ کل کلاں کو کالج ،یونیورسٹیوں سے فارغ ہونے کے بعد کیا ہم سب بھی نوکریوں چاکریوں میں مصروف ہو جائیں گے؟ اسلامی ،روحانی فکر رکھنے کے باوجود ہم سب روایتی مولویوں ،مدرسوں ، پیروں اور آستانوں کی سوچ سے کوسوں دور تھے اور سوچا کرتے تھے کہ ان کاموں کی بجائے مخلوق خدا کی خدمت اور انسانیت کی فلاح و بہبود ہی ،،خوف خدا اور عشق رسول ِ،، کا اصل اصول ہے۔عملی زندگی کا آغاذ ہوا تو ہر کوئی دال روٹی کے چکروں میں پڑ گیا ، اپنے اپنے طور پر ہر کوئی خدمت اور فلاح میں اپنا حصہ ضرور ڈال رہا ہے مگر ا س قافلہ عشق و مستی میں سے کچھ آج بھی ایسے ہیں جو واقعی خدمت اور فلاح کا حق ادا کر رہے ہیں۔المصطفیٰ ویلفئیرٹرسٹ کے چئیر مین عبد الرزاق ساجد ان میں سے ایک ہے جو واقعی خدمت کا حق ادا کر رہا ہے ،مجھے اپنا پرانا ساتھی نواز کھرل بھی اسی لئے اچھا لگتا ہے کہ وہ بھی المصطفیٰ کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔رمضان المبارک کے آخری دنوں میں مجھے نامور شاعر ناصر بشیر کے ساتھ المصطفیٰ دسترخوان سے خوشہ چینی کا اعزاز حاصل ہوا،ناصر بشیر کی نعتیہ شاعری نے میری روح کو تازہ کیا اور نواز کھرل کی طرف سے المصطفیٰ ٹرسٹ خدمات کی تفصیل سن کر اپنے بھائی عبدالرزاق ساجد سے میری محبت ،عقیدت میں بدل گئی۔
ہم میں سے کسی کے وہم و گمان میں نہ تھا کہ” روشنی کی طرف ان کا یہ سفر“کاررواں بن جائے گا،2006میں انہوں نے برطانیہ میں اندھیروں میں گم اللہ کی اشرف مخلوق میں بصارت کا نور پھونکنے کیلئے ”المصطفیٰ ویلفئر ٹرسٹ“کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ،کسی کو معلوم نہ تھا کہ نیکی،احسان،خدمت کے جذبے سے جاری یہ سفر صرف 17سال بعد آج وطن عزیز اور دنیا بھر کے 22ممالک میں بصارت کی روشنیاں بانٹنے،علم کا نور پھیلانے،قراٰن و حدیث کا علم عام کرنے کے ساتھ دکھی انسانیت کی مدد و اعانت کر کے خوشیاں بانٹنے کا سبب بن جائے گا ،یوں تو بہت سے مخیر حضرات اور سماجی تنظیمیں اس کار خیر میں مصروف ہیں مگر ”المصطفیٰ“کا موثر نیٹ ورک اور متحرک ٹیم رنگ‘ نسل‘ مذہب‘ علاقہ اور فرقہ کی تفریق اور امتیاز سے بالاتر ہو کر، لاچار، بیمار، بے بس اور بیکس خلق خدا کی بے لوث خدمت میں پیش پیش ہے،انسانیت کا درد بانٹنے کیلئے ”ہر وقت خدمت اور بروقت خدمت“ کے جذبے کے ساتھ سرگرم عمل ہے، المصطفے کی ٹیم کا یقین اور عقیدہ ہے کہ ”خالق تک رسائی‘ مخلوق سے بھلائی کے بغیر ممکن نہیں“ ”المصطفیٰ“کی دکھی انسانیت کیلئے خدمات کا تذکرہ کرنے کیلئے شائد ایک ضخیم کتاب بھی حق ادا نہ کر سکے،کچھ تفصیلات آپ کے ساتھ شئیر کر رہا ہوں۔
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام پچھلے کئی برس سے”روشنی سب کے لئے“ کے سلوگن کے تحت پاکستان،بنگلہ دیش، کینیا، گیمبیا، سری لنکا، یمن، شام، انڈونیشیا، ملاوی، نائیجیریا، افغانستان، عراق اور برما سمیت مختلف غریب خطوں اور ملکوں میں“ فری آئی کیمپ“ لگانے کا سلسلہ تسلسل اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے، ان فری آئی کیمپوں کے ذریعے اب تک ایک لاکھ 73 ہزار آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کئے جا چکے ہیں، آپریشن سے پہلے ہر مریض کے بلڈ پریشر، شوگر، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے ٹیسٹ،مریضوں کو“ المصطفے“ کی طرف سے عینکیں، لینز، ادویہ،کھانا بھی مفت فراہم کیا جاتا ہے،2020میں لاہور میں مزنگ روڈ پر ایک مکمل ہسپتال بھی مصروف عمل ہے، سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال میں پرچی سے آپریشن تک تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں، صرف دو سال کے دوران“ المصطفیٰ آئی ہسپتال“ کے شعبہ او پی ڈی اور ہسپتال کی جانب سے لاہور اور اس کے گردونواح میں لگائے جانے والے کیمپوں سے ایک لاکھ پندرہ ہزار مریضوں نے استفادہ کیا، ہسپتال کے توسیعی منصوبہ کے تحت مزید دو فلور کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے،مستقبل میں المصطفیٰ آئی ہسپتال میں آنکھوں کی پیوندکاری شروع کرنے کامنصوبہ مرتب کیا جا چکا ہے۔
ہسپتال کیساتھ ہی کشادہ جگہ پر ”المصطفیٰ دسترخوان“ بھی کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے، اس دسترخوان میں المصطفے آئی ہسپتال میں آنے والے مستحق مریضوں، لواحقین، غریبوں، مزدوروں اور ضرورت مند طلباء کو دوپہر اور شام کا معیاری کھانا مفت اور عزت و احترام کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، دسترخوان پر500افراد دوپہر اور شام کا کھانا روزانہ کھاتے ہیں جبکہ رمضان المبارک میں ہر روز فری افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا تھا جس میں 700 سے زائد افراد شریک ہوتے تھے۔
”المصطفیٰ“کی طرف سے غریب اور مستحق خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل فوڈ پیکٹس تقسیم کرنے کی خوبصورت روایت کئی برس سے جاری ہے،2020 کے دوران 61,217 فوڈ بیگ تقسیم کئے گئے، پاکستان بنگلہ دیش، روہنگیا مہاجرین، سری لنکا، کینیا،تنزانیہ، ملاوی، غزہ فلسطین، یروشلم، لبنان، شام کے مہاجرین میں بھی خوراک کے بیگز تقسیم کئے گئے، سردیوں کے موسم میں مستحق افراد اور غریب خاندانوں کو رضائیاں، گرم کپڑے، جرسیاں اور گرم چادریں فراہم کی جاتی ہیں۔”المصطفیٰ“ کی طرف سے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں حافظ پروجیکٹ کے تحت قرآن حفظ کرنے والے خوش نصیب طلباء وطالبات کو ہر ماہ وظیفہ پیش کیا جاتا ہے۔
”المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام مختلف پسماندہ ملکوں سمیت پاکستان کے صوبہ سندھ میں محرومیوں کے شکار، تھر اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کی زد میں آئے، چولستان میں کلین واٹر پروجیکٹ نتیجہ خیزی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے، ہر سال عید الاضحی کے موقع پر مختلف ممالک کے کئی شہروں اور دیہات میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔المصطفیٰ کے زیر اہتمام 26 سکولز میں 8349 طلباء مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں، 4263 یتیم بچوں کو سپانسر کیا جارہا ہے، ان یتیم بچوں کی تعلیم، رہائش، خوراک، لباس سمیت تمام ضروریات زندگی کی مکمل ذمہ داری المصطفیٰ کے ذمہ ہے،مختلف ممالک میں ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر کے دوران 1.6 ملین افراد کی مدد کی گئی،غریب گھرانوں میں اشیائے خوردونوش پر مشتمل 64370 فوڈ بیگ تقسیم کئے گئے،آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد میں 801249 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے،المصطفیٰ نیٹ ورک میں 192 ایمبولینس کام کر رہی ہیں،نیبر فرسٹ پراجیکٹ کے تحت 22700 فوڈبیگ تقسیم کئے گئے، پراجیکٹ کے تحت پچاس ہزار پودے لگائے گئے ہیں،بھٹہ مزدوروں کو مالکان کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے اُن کے قرض ادا کرنے کی مہم کے تحت 64 بھٹہ مزدور خاندانوں کو آزادی دلائی جا چکی ہے،”المصطفیٰ“ کے پلیٹ فارم پر ہر سال ربیع الاول کے مقدس مہینے میں فیصل آباد، کامونکی اور دوسرے کئی شہروں میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریب بچیوں کو ضروری گھریلوسامان پر مشتمل جہیز کے ساتھ رخصت کیا جاتا ہے، ان اجتماعی شادیوں میں باراتیوں کو کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے، المصطفیٰ کی مخلصانہ کوششوں سے اب تک ہزاروں یتیم اور غریب بچیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں،اللہ کرے زور خدمت اور زیادہ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Diyarbakır koltuk yıkama hindi sex