آرمی چیف سے ترک کمانڈر جنرل کی ملاقات ، فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز ترکی کی بری افواج کے کمانڈر جنرل اومیت نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی و پیشہ ورانہ امور پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں برادر ملکوں کے مابین دفاعی و سکیورٹی تعاون پر خصوصی زور دیا گیا۔
دونوں نے تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں دوطرفہ فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ترکی کیساتھ اپنے برادرانہ روابط کو بہت اہمیت دیتا ہے ، جن کی نوعیت تاریخی ہونے کے ساتھ ثقافتی و مذہبی وابستگی انہیں مزید گہرا بناتی ہے ۔
معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام اور دہشت گردی کو شکست دینے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر ترکش بری افواج کے کمانڈر کو پاک فوج کے ایک چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔