آئی پی ایل سٹہ لیگ بن گئی، جواریوں کے وارے نیارے
پلیئنگ الیون سے لے کر چوکوں چھکوں تک ہر چیز پر داؤ کھیلا جاتا ہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک )آئی پی ایل سٹہ لیگ بن گئی، جواریوں کے وارے نیارے ہوگئے جب کہ پلیئنگ الیون سے لے کر چوکوں چھکوں تک ہر چیز پر داؤ کھیلا جاتا ہے۔انڈین پریمیئر لیگ کا ہر سال شائقین سے زیادہ سٹہ مافیا کو انتظار رہتا ہے، اس میں بڑے پیمانے پر جوا کھیلا جاتا ہے، رپورٹ کے مطابق میچ شروع ہونے سے پہلے ہی داؤ لگنا شروع ہوجاتے ہیں، سب سے پہلے کون پلیئنگ الیون میں ہوگا اور کون باہر بیٹھے گا اس پر جوا ہوتا ہے، اس کے بعد ٹاس پر رقم لگائی جاتی ہے، میچ کا نتیجہ ایک طرف چوکوں چھکوں پر رقم لگی ہوئی ہوتی ہے۔اگر جواری کی پیشگوئی کے مطابق چوکا لگے تو 50 ہزار روپے ملتے ہیں ، اگر آخری گیند پرچھکا پڑ جائے تو داؤ کھیلنے والے کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ روپے منتقل ہوجائیں گے، یہ کام سرعام ہورہا ہے۔گزشتہ دنوں حیدرآباد دکن میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران پولیس نے پچ سائیڈرز کے ایک گروہ کو گرفتار کیا ،یہ لوگ نشریات میں چند سیکنڈز کی تاخیر سے فائدہ اٹھانے کیلیے اسٹینڈز میں بیٹھ کر جوا کھیل رہے تھے، حیدرآبادد دکن کے ہی ایک فارم ہاؤس پر پولیس نے چھاپا مارکر 4 افراد کو حراست میں لیا، ان کے قبضے سے 40 لاکھ روپے ضبط کیے گئے، بینک اکاؤنٹ میں موجود 30 لاکھ روپے بھی منجمد کردیے گئے۔